مظفر آباد ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے جہلم کے بہادر سپوت کی نماز جنازہ ادا، فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

سوہاوہ: مظفرآباد کے قریب پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کے دورانِ پرواز پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان حوالدار امانت علی کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے ککرالہ، ڈومیلی میں ادا کر دی گئی۔

جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے نواحی گاؤں ککرالہ سے تعلق رکھنے والے شہید حوالدار امانت علی ولد اورنگزیب نے وطن عزیز کے دفاع اور قومی فرائض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی شہادت کی خبر پورے علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑا گئی اور ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔

نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، جوانوں، سیاسی و سماجی شخصیات، معززین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید امانت علی کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ فضاء "شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے” کے نعروں سے گونجتی رہی اور شرکاء نے شہید کی وطن کے لیے عظیم قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر مظفرآباد کے قریب فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افسران اور جوان شہید ہو گئے تھے۔ اس المناک سانحے پر پوری قوم سوگوار ہے اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button