دینہ: منگلا روڈ دو رویہ سڑک کی تعمیر کیلئے 30 کروڑ روپے فنڈ کی منظوری

دینہ: مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے بلال اظہر کیانی کی خصوصی کاوش سے منگلا روڈ دینہ کو دورویہ سڑک بنانے کے لیے 30کروڑ روپے فنڈ کی منظوری دے دی گئی، منگلا روڈ سنگل روڈ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے نظام میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی کی ایک اور کوشش رنگ لے آئی، دینہ میں منگلا روڈ کو دورویہ کرنے کے لیے 30کروڑ روپے فنڈ کی منظوری دے دی گئی۔
گزشتہ روز فنڈ کے اجرا ء کے لیے پلاننگ و ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب نے محکمہ خزانہ اور محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کو مراسلہ جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ منگلا روڈ دینہ مین چوک سے سنگل روڈ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا تھا لوگ گھنٹوں گھنٹوں پھنس کر رہ جاتے تھے ، ایم این اے بلال اظہر کیانی کی کوشش سے منگلا روڈ دورویہ روڈ کی منظوری کے بعد عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
واضح رہے کہ بلال اظہر کیانی کی کوششوں سے دینہ میں سوئی گیس اور تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال کا سروے بھی مکمل کر لیا گیا ہے جس کا بہت جلد اعلان متوقع ہے۔



