کھلی کچہریوں کے ذریعے عوام کو فوری انصاف فراہم کیا جا رہا ہے، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو

پنڈدادنخان: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے نماز جمعہ کے بعد تھانہ جلالپورشریف کی حدود میں واقع جامع مسجد بلال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے ڈی پی او جہلم کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جن پر انہوں نے فوری کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے موقع پر ہی ان کے حل کی ہدایات دیں۔ ڈی پی او نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانا جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشوں، قحبہ خانوں اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس عوام کی مدد سے ایک پرامن اور محفوظ معاشرہ قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب کے احکامات کے مطابق انصاف کی فوری فراہمی عوام کی دہلیز پر یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے پنجاب پولیس میں مختلف اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں خدمت مراکز، پولیس تحفظ مراکز، میثاق مراکز، مصالحتی کونسلز کا قیام اور تھانوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے، جہاں شہریوں کو 24/7 سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب اور ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی ڈویژن کی ہدایت پر جہلم کے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بلا تاخیر انصاف مہیا کیا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کھلی کچہریوں میں بلا جھجک شریک ہوں اور اپنے مسائل براہ راست بیان کریں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button