سوہاوہ میں سی سی ڈی اور خطرناک اشتہاریوں کے درمیان مبینہ مقابلہ، اشتہاری ملزم ہلاک
سوہاوہ میں سی سی ڈی اور خطرناک اشتہاریوں کے درمیان مبینہ مقابلے میں اشتہاری ملزم مبین شوکت مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے لہڑی اڈہ کے قریب سی سی ڈی (کاؤنٹر کرائم ڈپارٹمنٹ) اور خطرناک اشتہاری ملزمان کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں سنگین جرائم میں ملوث مرکزی ملزم مبین شوکت ہلاک ہوگیا۔
@jhelumupdates جہلم: سوہاوہ میں اہم کارروائی #JhelumUpdates #LatestNews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos ♬ original sound – Jhelum Updates
ترجمان سی سی ڈی جہلم کے مطابق مخبر کی اطلاع پر ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مبین شوکت سکنہ شیخوپورہ دینہ حال مقیم ترکی جوڑ سوہاوہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر حراست میں لے کر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ملزم مبین دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور جنسی جرائم جیسے سنگین الزامات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ مبین شوکت گھروں میں زبردستی گھس کر خواتین کو زیادتی کا نشانہ بناتا تھا۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ باقی مفرور ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔



