سوہاوہ/ ڈومیلی: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے رورل ہیلتھ سینٹر ڈومیلی کا اچانک دورہ کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی حاضری چیک کی جبکہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال میں نظم و ضبط اور مجموعی ماحول کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے فارمیسی اسٹاک کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے سرکاری فہرست کے مطابق ادویات کی دستیابی، معیار اور مقدار کو چیک کیا۔ انہوں نے مختلف ادویات کو رینڈم طریقے سے بھی چیک کیا، جس کے نتیجے میں لائف سیونگ ڈرگز سمیت دیگر ضروری ادویات کا وافر اسٹاک موجود پایا گیا۔
غزالہ اصغر نے صفائی کے انتظامات اور طبی عملے کی حاضری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈیوٹی پر موجود عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور علاج معالجے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ جہلم بنیادی مراکزِ صحت میں سہولیات کی بہتری کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ایسے دوروں کا مقصد حکومتی پالیسیوں کے مطابق عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا اور ہسپتالوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنا ہے۔
