دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تحصیل دینہ کے مین بازار کا دورہ کیا جہاں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ماڈل بازار بیوٹیفکیشن منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دورے کے دوران بازار میں جاری ترقیاتی کاموں، صفائی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور شہری خوبصورتی کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا معائنہ کیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل اور کنسلٹنٹ عثمان بھی موجود تھے۔ متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر جہلم کو جاری منصوبے، تعمیراتی کاموں اور بازار کو ماڈل بازار میں تبدیل کرنے کے مختلف مراحل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کنکریٹ ورک، فلور لیولنگ، صفائی ستھرائی کے انتظامات، تجاوزات کے خاتمے اور شہری سہولیات کی بہتری کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ وقت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ دینہ مین بازار کو ماڈل بازار میں تبدیل کرنے کا مقصد شہریوں اور تاجروں کو بہتر ماحول اور معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ شہری ترقی، صفائی اور خوبصورتی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ایک بہتر اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔
