ضلع جہلم کے سرکاری سکولوں میں مکمل ہڑتال، تعلیمی سرگرمیاں ماند

جہلم: تعلیمی اداروں کی نجکاری اور پنشن ترمیمی اصلاحات کیخلاف پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم کے اساتذہ سراپا احتجاج ہیں، اساتذہ سکولوں کی تالہ بندی کرکے سخت احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں۔

ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں (جہلم، پنڈدادنخان، دینہ اور سوہاوہ) کے تمام سکولوں میں آج بھی تالا بندی جاری ہے جس کی وجہ سے طلباء کو آج چھٹی دی گئی ہے۔

ضلع جہلم میں اساتذہ نے سرکاری سکولوں کی نجکاری، لیو انکیشمنٹ اور پینشن ترامیم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے میں خواتین ٹیچرز کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔جنہوں نے پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی،سکولوں کی نجکاری نامنظور کے نعرےبھی لگائے گئے۔

مظاہرین نے لیو انکیشمنٹ اور پینشن ترامیم کا فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

دوسری جانب تعلیمی اداروں کی بندش سے والدین پریشان ہیں اور حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اساتذہ نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

Exit mobile version