جہلم میں پولیس پارٹیوں پر فائرنگ، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، منشیات اور اسلحہ برآمد

جہلم میں پولیس پارٹیوں پر فائرنگ کرنے والے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کے مختلف علاقوں میں پولیس پارٹیوں پر فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں منشیات اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

ترجمان کے مطابق تھانہ سٹی کے علاقہ بند دریائے جہلم نزد باغ محلہ میں پولیس نے ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سوار کو روکنے کی کوشش کی تو ملزم نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور دریائے جہلم کی جانب فرار ہوگیا۔

پولیس ٹیم نے سرکاری گاڑی کے ذریعے ملزم کا تعاقب کیا۔ پولیس سے بچنے کی کوشش میں ملزم موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہوگیا، جس کے بعد پولیس نے اسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت عادل خان کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم عادل خان کے قبضہ سے 2 کلو 400 گرام چرس اور پسٹل 30 بور برآمد کرلیا گیا۔

دوسری کارروائی تھانہ صدر کے علاقہ پکھوال پل کے قریب کی گئی، جہاں پولیس نے ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سوار کو روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق ملزم احمد علی عرف علی آرائیں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی اور وچلا بیلا کی جانب فرار ہوگیا۔

پولیس ٹیم نے ملزم کا تعاقب کیا تو پولیس سے بچنے کی کوشش میں احمد علی عرف علی آرائیں نے پل سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ پولیس نے اسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضہ سے 1 کلو 560 گرام ہیروئن اور پسٹل 30 بور برآمد کیا گیا۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button