جہلم: تحریک انصاف کے ورکرز ہی عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی اصل طاقت اور حقیقت ہیں، ملک کو بحرانوں سے عمران خان ہی نکال سکتے ہیں، 8 فروری کو عوام نے عمران خان کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ذیشان جرال نے ورکز کنونشن میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز نے 8 فروری کو ثابت کر دیا کہ پاکستان تحریک انصاف پاکستان بھر میں ایک مضبوط جماعت ہے اور عمران خان لوگوں کے دل میں جنون کی حد تک محبت رکھتا ہے اور ورکرز ہی عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی اصل طاقت اور حقیقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب کوئی دھڑا، کوئی برادری یا الیکٹیبل کی کوئی اہمیت نہیں، ووٹ صرف اور صرف عمران خان کے لئے۔ تمام اضلاع میں ہم نے دیکھا کہ نام نہاد جو پارٹی کے پڑھدان یا ذمہ دار بنے ہوئے تھے وہ پردہ سکرین سے غائب تھے، الیکشن سے پہلے اور الیکشن ڈے پر وہ نظر ہی نہیں آئے اور جب عوام اور پاکستان تحریک انصاف کے ورکروں نے ہر چیز اور ہر ظلم کو بلائے طاق رکھتے ہوئے عمران خان کو ایک عظیم الشان کامیابی دلوائی پھر یہ لوگ جن کے پاس ذمہ داریاں تھیں وہ ورکروں کو نظر آنا شروع ہوئے۔
ذیشان جرال نے کہا کہ یہی ہم نے ضلع جہلم میں بھی دیکھا، الیکشن کون لڑ رہا ہے لوگ جانتے تک نہ تھے اور نہ ہی اُمیدواروں نے کوئی الیکشن کمپین کی پھر بھی لوگوں نے لاکھوں میں ووٹ دیا لیکن یہی اُمیدوار لوگوں اور ورکروں کی محنت اور ووٹ کی حفاظت کرنے میں مکمل ناکام رہے۔
انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں امیدوار تکڑے تھے وہ الیکشن نتائج لینے میں کامیاب ہوئے اور جن اضلاع میں ضلعی ذمہ دار ٹیم اور امیدوار کمزور اور ڈرے ہوئے تھے وہ بالکل ناہل ثابت ہوئے اور لاکھوں ووٹروں کو مایوس کیا۔ یہی لوگ اب سامنے آ کر اب اپنا اپنا دھڑا بنا رہے ہیں اور پھر سے عہدوں کی بندربانٹ کے لئے سرگرم ہو رہے ہیں اور ورکروں کو تقسیم کر کے اپنے اپنے من پسند لوگوں کو آگے لا رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اب ورکرز یہ نہیں ہونے دیں گے، کوئی نااہل یا کسی کا کزن یا دوست صرف اس بنیاد پر لگایا جائے گا کہ وہ میرے دھڑے کا ہےیہ نہیں ہو گا۔ اب فیصلے صرف اور صرف میرٹ پر ہوں گے اور انصاف کے پیمانوں کے ساتھ جیسا کہ ہمارا اور آپ سب کا لیڈر عمران خان کہتا ہے، اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایک ورکروں کا گروپ بنایا جائے جس کا آغاز ہم نے جہلم شہر، کالا گجراں، فضل آباد، سلیمان پارس، بلال ٹاؤن اور دینہ کے ورکروں سے مشاورت کر کے بنایا ہے۔
ذیشان جرال نے کہا کہ یاد رکھیں یہ کاوش ہم نے ابھی اپنی مدد آپ کے تحت شروع کی ہے اور یہ آغاز ہے، آپ ورکروں سے التماس ہے کہ ضلع بھر سے مہربانی کر کے اس میں شامل ہوں اور مشاورت کا حصہ بنیں، ابھی ہم نے عارضی طور پر ایک ایگزیکٹو کمیٹی بنائی ہے جس کی تعداد 10 ہے اس کو 40 کرنے کے لئے آپ لوگوں سے مشاورت ہو گی اور کام کرنے والے ورکروں کو اس کا حصہ بنایا جائے گا اور عارضی چیئرمین ورکرز گروپ کی ذمہ داری مجھے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں مستقل طور پر آپ سب کی مشاورت سے چیئرمین کو چنا جائے گا جو ضلع بھر کے ورکروں کا مقدمہ ہر فورم پر لڑے گا۔ جیسا کہ آپ سب لوگ مجھے جانتے ہیں میں نے کبھی بھی کسی فرد واحد کے مفاد کے لئے یا اپنے مفاد کے لئے کام نہیں کیا، صرف اور صرف نظریے اور عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انشاء اللہ کھڑے رہیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آپ ورکروں سے گزارش ہے کہ اپنے آپ کو اور اس گروپ کو مزید مضبوط کریں اور اس پوسٹ کو زیادہ سے شیئر کریں اگر آپ متفق ہیں تا کہ پارٹی کو قبضہ مافیا اور موقع پرستوں سے آزاد کروایا جائے اور عمران خان کو آزاد کروایا جائے۔
