بلال اظہر کیانی کو وزیر مملکت برائے خزانہ کا اضافی چارج ملنے پر لیگی رہنماؤں کی مبارکباد

دینہ: وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی کو بہترین کارکردگی کی بنیاد پر وزارت خزانہ کا اضافی چارج سونپ دیا، جسے ضلع جہلم کی عوام کے لیے ایک اور اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے پر مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں اور عوام نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں راجہ تفضل علی، راجہ لیاقت علی، میاں عتیق، میاں سجاد، راجہ نوید اور مصطفیٰ بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلال اظہر کیانی کی شاندار کارکردگی نے نہ صرف قومی سطح پر بلکہ مقامی سطح پر بھی عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ بلال اظہر کیانی کا بطور وزیر مملکت برائے خزانہ تقرر تحصیل دینہ سمیت ضلع بھر کے عوام کے لیے باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ فیصلہ ضلع جہلم کے عوام کے لیے ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلال اظہر کیانی پر مکمل اعتماد کر کے وزیر اعظم نے جہلم کے عوام کو یہ پیغام دیا ہے کہ محنت اور قابلیت کی قدر کی جاتی ہے۔

رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بلال اظہر کیانی کی قیادت میں ضلع جہلم میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھے گا، اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہلم کی عوام کو اپنے سپوت پر فخر ہے اور اب وہ وقت دور نہیں جب ضلع جہلم پنجاب اور پاکستان کی ترقی میں ایک مثالی کردار ادا کرے گا۔

رہنماؤں نے آخر میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جہلم جیسے ضلع کو قومی دھارے میں لانے کے لیے اہم اقدامات کر رہے ہیں، جو قابل تحسین ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button