جہلم میں ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دینے والے تین ملزمان گرفتار، ناجائز اسلحہ برآمد

جہلم پولیس کی بروقت کارروائی، ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دینے والے تین ملزمان کو ناجائز اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی جہلم کی پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے اور شہری کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں عدیل، اویس اور شہزاد شامل ہیں، جن کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم عدیل سے 8 ایم ایم رائفل بمعہ ایمونیشن، اویس سے 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن جبکہ ملزم شہزاد سے 7 ایم ایم رائفل بمعہ ایمونیشن برآمد کی گئی۔ تینوں ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے واقعے پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ اور شہریوں کو ہراساں کرنے جیسے اقدامات ناقابل برداشت ہیں، اور اس قسم کی قانون شکنی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



