پیرس: ماہ رمضان ہمیں صبر و تحمل،اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے،ماہ مقدس میں بے سہارا اور مستحق افراد کا سہارا بننا چاہیے، دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی ہر موقع پر پاکستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کا خیال رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان فرانس ویلفیئر ایسوسی ایشن ویلئیر لابیل کے صدر چوہدری مختار احمد بشارت نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ رحمتوں ،برکتوں اور بخششوں کے مہینے میں قرآن کریم نازل ہوا اس میں ہدایت و امتیاز،حق و باطل کے صاف صاف احکام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح حج اور زکواۃ مالی عبادت ہے اسی طرح نماز اور روزہ جسمانی عبادت ہے جسکا بدلہ خود اللہ تعالیٰ نے اپنے ذمہ لیا ہے۔
چوہدری مختار احمد بشارت نے کہا کہ ماہ مقدس میں ہمیں اپنے رشتہ داروں،پڑوسیوں پر نظر رکھنی چاہیے ان کی ضرورت کا خیال رکھنا چاہیے،زکواۃ اور فطرانہ دیتے وقت بھی پہلے قریبی عزیزوں اور پڑوسیوں کو دیکھنا چاہیے ان میں کوئی مستحق ہوں تو پہلے ان کی امداد کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس بابرکت مہینے میں سب کو ملکی سلامتی استحکام اور ترقی کے لیے مل جل کر کام کرنے کا تہیہ کرنا چاہیے۔
