میری لینڈ: معروف مذہبی و روحانی رہنما امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ عالیہ نے امریکہ کی ریاست میری لینڈ میں پاکستانی کمیونٹی کے ایک اجتماع سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے قرآنِ کریم کی عظمت، اس کی آفاقی تعلیمات اور انسانی زندگی پر اس کے اثرات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ قرآنِ کریم اللہ تعالیٰ کا کلام اور پوری انسانیت کے لیے ہدایت و بشارت کا سرچشمہ ہے۔ اس کی رہنمائی دنیا اور آخرت دونوں کی کامیابی کے لیے کافی ہے۔ قرآنِ کریم سے حقیقی استفادے کے لیے ضروری ہے کہ انسان محض تلاوت تک محدود نہ رہے بلکہ اس کے پیغام کو سمجھے اور اپنی عملی زندگی میں اس کی تعلیمات پر عمل کرنے کی کوشش کرے۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے اللہ تعالیٰ کے کلام کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ کلام کا اثر اس کے متکلم کی عظمت کے مطابق ہوتا ہے۔ جب ایک عام انسان کے الفاظ بھی دوسروں کے دل و دماغ پر اثر انداز ہوتے ہیں تو خالقِ کائنات کے کلام کی عظمت اور اس کے اثرات کا اندازہ انسانی فہم سے بالاتر ہے۔ قرآنِ کریم انسان کو اپنے خالق سے تعلق، اپنی حقیقت اور زندگی کے مقصد کا شعور عطا کرتا ہے۔
انہوں نے عبادات کی حقیقی روح پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نماز اور سجدہ محض ظاہری اعمال نہیں بلکہ بندے کی جانب سے اپنے رب کے حضور عاجزی، اطاعت اور بندگی کے اظہار کا ذریعہ ہیں۔ اسی طرح زکوٰۃ محض مالی ادائیگی نہیں بلکہ ایک ایسا نظام ہے جو معاشرے میں ضرورت مندوں کی مدد، وسائل کی گردش اور معاشی توازن کا سبب بنتا ہے۔ اسلامی احکامات کی پابندی ان کے حقیقی تقاضوں اور روح کے مطابق ہونی چاہیے۔
خطاب کے دوران آخرت کی جواب دہی، انسانی اعمال اور رشتوں کے تقدس پر بھی خصوصی توجہ دلائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آخرت پر یقین انسان کو اپنے کردار، معاملات اور ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔ والدین، اولاد اور دیگر رشتوں کے حقوق ادا کرنا بھی دینی ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔ انسان کو دوسروں کا محاسبہ کرنے سے پہلے اپنا محاسبہ کرنا چاہیے اور یہ دیکھنا چاہیے کہ اس کی زندگی اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق کس حد تک گزر رہی ہے۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے ذکرِ الٰہی، نیک اعمال اور سیرتِ رسول ﷺ کی پیروی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ کریم کی تعلیمات کا اصل تقاضا یہ ہے کہ ان کا عملی اظہار انسان کے کردار، گھر، خاندان اور معاشرتی معاملات میں نظر آئے۔ انہوں نے بالخصوص والدین کو اپنی اولاد کی دینی و اخلاقی تربیت پر توجہ دینے کی تلقین کی تاکہ آنے والی نسلیں دین کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھ سکیں۔
خطاب کے اختتام پر امتِ مسلمہ اور اجتماع میں شریک افراد کے لیے خصوصی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ سب کو قرآنِ کریم سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اپنی زندگیوں کو اس کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
