سیرت نبوی ﷺ زندگی کے ہر شعبے میں کامل رہنمائی فراہم کرتی ہے، امیر عبدالقدیر اعوان

شکاگو: رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ذاتِ مبارکہ اور حیاتِ طیبہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے کامل نمونہ ہے۔ آپ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ انسان کو ذاتی کردار، خاندانی تعلقات، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور معاشرتی معاملات میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے شیخ امیر عبدالقدیر اعوان نے شکاگو میں پاکستان کے قونصل خانے اور سبیل سینٹر کے اشتراک سے منعقدہ سیرتِ طیبہ ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں علمائے کرام، اہلِ علم اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شیخ امیر عبدالقدیر اعوان تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ پروفیسر مارشیا ہینسن اور پروفیسر انعام الحق نے بھی کلیدی خطابات کیے۔ مقررین نے حیاتِ نبوی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے آپ ﷺ کی تعلیمات کی ہمہ گیر اہمیت کو اجاگر کیا۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآنِ کریم کے پیغام کو سمجھنے کے ساتھ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ نبی کریم ﷺ نے اللہ تعالیٰ کی ہدایات کو اپنی عملی زندگی میں کس طرح نافذ فرمایا۔ سیرتِ نبوی ﷺ محض مطالعے کا موضوع نہیں، بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی حاصل کرنے اور اپنے کردار کو بہتر بنانے کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ قرآنِ کریم اور سیرتِ طیبہ ﷺ کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط بنائیں اور ان کی تعلیمات کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ ان کے مطابق ذاتی کردار کی تعمیر، خاندان کے ساتھ حسنِ سلوک، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی اور معاشرتی معاملات میں درست طرزِ عمل اختیار کرنے کے لیے سیرتِ رسول ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنا ضروری ہے۔

پروفیسر مارشیا ہینسن اور پروفیسر انعام الحق نے اپنے خطابات میں حیاتِ نبوی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی اور آپ ﷺ کی تعلیمات کی عالمی اور معاشرتی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر آئیفانکا اور سبیل سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر منیر چوہدری نے اپنے مختصر کلمات میں حلال سرٹیفکیشن کے شعبے کی اہمیت بیان کی اور اسے اپنے ادارے کے بنیادی مشن کا محور قرار دیا۔

قونصل جنرل زمان مہدی نے معزز مقررین کا خیرمقدم کیا اور کانفرنس کے انعقاد میں سبیل سینٹر کے تعاون کو سراہا۔ اس تقریب کو سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات کو اجاگر کرنے اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کے افراد کو علمی و فکری نشست میں شریک کرنے کا موقع قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ شیخ امیر عبدالقدیر اعوان ان دنوں کینیڈا اور امریکہ کے روحانی و تربیتی دورے پر ہیں، جہاں مختلف شہروں میں پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان نشستوں میں وہ قلبی سکون، روحانی تربیت اور سیرتِ پاک ﷺ کے موضوعات پر خطابات کر رہے ہیں۔

↑
Exit mobile version