گرمی اور حبس کے باعث الرجی، موسمی امراض اور بچوں میں یرقان و خسرے میں تشویشناک اضافہ

جہلم: ضلع جہلم اور گردونواح میں سخت گرمی اور شدید حبس کے باعث الرجی، ناک، کان، گلا، پیٹ اور آنکھوں کے امراض میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سول ہسپتال سمیت مختلف سرکاری و نجی طبی مراکز پر مریضوں کا رش بڑھ چکا ہے، جبکہ کلینکس میں بھی گھنٹوں طویل قطاریں معمول بن چکی ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق موسم کی اچانک شدت، حبس اور پانی کی کمی کے باعث الرجی، نزلہ، زکام، خارش، آنکھوں کے انفیکشنز، گلے کی خرابی اور معدے کی بیماریاں عام ہو گئی ہیں۔ خاص طور پر کمسن بچوں میں پیلا یرقان، خسرہ اور پیٹ کے امراض تیزی سے پھیلنے لگے ہیں، جس نے والدین کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

سول ہسپتال جہلم کے ذرائع کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ناک، کان، گلہ، آنکھوں اور معدے کے امراض میں مبتلا درجنوں مریض رجوع کر رہے ہیں۔ متاثرہ افراد میں مرد و خواتین کے علاوہ بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت اور جسم میں پانی کی کمی انسانی مدافعتی نظام کو کمزور کر دیتی ہے، جس سے جلد الرجی، انفیکشن اور دیگر بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرمی کے موسم میں پانی کا زیادہ استعمال کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نہ نکلیں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور آنکھوں کو دھوپ سے بچانے کے لیے سیاہ چشمے استعمال کریں۔

ماہرین نے والدین پر زور دیا ہے کہ بچوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں تاکہ کسی سنگین مسئلے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button