نویں جماعت کے امتحانات؛ اسسٹنٹ کمشنرز کے ضلع بھر کے امتحانی مراکز کے دورے، انتظامات تسلی بخش قرار

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں امتحانی مراکز کے دورے کر کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دوروں کے دوران امتحانی مراکز میں بیٹھنے کے انتظامات، صاف پانی کی فراہمی، مناسب روشنی، ہوادار ماحول اور صفائی ستھرائی سمیت تمام بنیادی سہولیات کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ سپرنٹنڈنٹس اور انویجیلیٹر عملہ اپنی ذمہ داریوں پر موجود پایا گیا جبکہ مجموعی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔
معائنے کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں کی مکمل فعالیت بھی نوٹ کی گئی، جس سے مانیٹرنگ نظام کو مؤثر قرار دیا گیا۔ نقل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے سخت نگرانی کو یقینی بنایا گیا جبکہ امتحانی عمل میں شفافیت اور نظم و ضبط پر خصوصی توجہ دی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنرز نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات کو برقرار رکھا جائے، نگرانی مزید سخت کی جائے اور امتحانی عمل میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی ہرگز برداشت نہ کی جائے۔



