متحدہ عرب امارات میں ایئر ٹکٹوں کی قیمت میں اضافہ

دبئی: متحدہ عرب امارات میں ایئر ٹکٹوں کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔
خلیجی اخبار الامارات الیوم کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دسمبر کے آخری دو ہفتوں کے لیے فضائی کرایوں میں 20 سے 40 فیصد دیکھا جارہا ہے، رواں ماہ کے پہلے ہفتے کے مقابلے میں آخری ہفتے کے لیے بکنگ زیادہ ہونے کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ہو گیا۔
اس حوالے سے ٹریول اینڈ ٹورازم کے شعبے کے ماہرین نے کہا ہے کہ "کرایوں میں اضافے کی وجہ سکولوں کی تعطیلات اور سال کے اختتام پر ہونے والی تقریبات ہیں کیوں کہ موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے عرب ممالک میں فضائی سفر کے لیے بکنگ کی شروعات رواں ماہ کے آغاز سے ہی ہوگئی، جس کے بعد طلب میں دن بہ دن اضافہ ہی ہوا، اسی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ہوگیا”۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ "متحدہ عرب امارات سے خطے کے دیگر ممالک کے لیے دسمبر کے آخری دو ہفتوں کے لیے سفر کرنے والوں کی بڑی تعداد سامنے آئی ہے جو ان تعطیلات میں عرب ممالک کا سفر کرنا چاہتے ہیں، سب سے زیادہ بکنگ اردن، مصر اور مراکش کے لیے ریکارڈ کی جا رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں فضائی ٹکٹ کی قیمتیں نومبر اور اکتوبر کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہوئی ہیں۔
اسی معاملے پر بات کرتے ہوئے دبئی لنک گروپ کے سی ای او ڈاکٹر ھیثم الحاج نے کہا کہ "رواں برس کے آغاز سے ہی فضائی سفر کے رجحان میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی تھی، جس سے سالانہ بنیادوں پر کرایوں میں گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال 5 سے7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، یہ سلسلہ رواں ماہ دسمبر میں بھی جاری ہے جس کے آخری دو ہفتوں کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں 20 سے 40 فیصد اضافہ ہوچکا ہے”۔



