اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان کا جالپ کے مختلف علاقوں کا دورہ، محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا

پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور عزاداروں کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے علاقہ جالپ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پینوال، کوٹلی پیراں اور عبداللہ پور سمیت اہم قصبوں میں جلوسوں کے روٹس، سکیورٹی انتظامات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ افسران سے محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ لی اور عزاداروں کی سہولت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جلوسوں کے روٹس، داخلی و خارجی راستوں، سکیورٹی پوائنٹس اور دیگر حساس مقامات کا بھی معائنہ کیا۔
عائشہ شفقت نے صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی کہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے تاکہ عزاداروں کو صاف ستھرا اور پرامن ماحول میسر آ سکے۔
اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن سکندر گوندل، ایس ڈی پی او پنڈدادنخان سرکل عبدالجبار اور پاک فوج کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ حکام نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کی فضا کو برقرار رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے تمام انتظامات کو ہر وقت فعال رکھیں تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔



