پنڈدادنخان میں اتائیت کے خلاف فیصلہ کن کارروائی، غیر قانونی لیب اور ڈینٹل کلینک سیل

پنڈدادنخان میں محکمہ صحت نے اتائیت کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی لیب اور ڈینٹل کلینک سیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن اور محکمہ صحت پنجاب کی ہدایات کے تحت جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں اتائیت کے خلاف جاری مہم میں ایک اور بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او) ڈاکٹر انجم قدیر نے اپنی ٹیم اور پنجاب پولیس کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طبی مراکز کے خلاف سخت ایکشن لیا۔
القاسم لیب پنڈدادنخان جو پہلے ہی سیل کی جا چکی تھی کو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی اجازت کے بغیر دوبارہ غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا تھا۔ موقع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر انجم قدیر نے لیب چلانے والے شخص کے خلاف استغاثہ درج کروا دیا۔
اسی کارروائی کے دوران خواجہ کامران ڈینٹل کلینک کو غیر قانونی ڈینٹل پریکٹس اور مضر صحت ادویات رکھنے کے الزام میں فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔
ڈاکٹر انجم قدیر نے واضح کیا کہ اتائیت انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود جعلی ڈاکٹروں، غیر قانونی کلینکس اور اتائیوں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر انجم قدیر کا کہنا تھا کہ "اتائیت کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہر خلاف ورزی پر فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی۔”
عوامی و سماجی حلقوں نے محکمہ صحت اور پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اتائیت کے خاتمے کے لیے ایسے آپریشنز مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں تاکہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



