جہلم: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 24 گھنٹوں میں 365 افراد کے چالان

جہلم: ضلع جہلم میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے پر پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 365 افراد کو چالان کر کے 87 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

کارروائی کے دوران بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر 58، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 105، بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں چلانے پر 20 جبکہ کم عمر ڈرائیونگ کرنے پر 4 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ضلع بھر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف اہم شاہراہوں، چوکوں اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں کی گئی ہیں، جہاں ٹریفک پولیس کے ساتھ ساتھ ضلع پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

ڈی پی او جہلم کے مطابق اس مہم کا بنیادی مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو فروغ دینا، ٹریفک حادثات کی روک تھام کرنا اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ، کم عمر ڈرائیونگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، اوور اسپیڈنگ اور غلط پارکنگ جیسے قوانین کی خلاف ورزیوں کو کم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناکہ بندیوں پر تعینات پولیس اہلکار شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق ضروری آگاہی بھی فراہم کر رہے ہیں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں، پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button