بلال اظہر کیانی کا رمضان بازار جہلم کا دورہ، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا

جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ایم این اے بلال اظہر کیانی نے سابق ناظم یونین کونسل لدھڑ راجہ افراسیاب خان کے ہمراہ رمضان بازار جہلم کا دورہ کیا۔
رمضان بازار کے دورہ کے موقع ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جہلم اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔
بلال اظہر کیانی نے رمضان بازار میں اشیاء خوردو نوش کے معیار اور قیمتوں کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
بعد ازاں بلال اظہر کیانی کو ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے نگہبان راشن سکیم کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئیں۔
اس موقع پر انہوں نے نگہبان رمضان راشن پیکج کی ڈیلیوری کے دوران شہریوں کی عزت نفس کو ملحوظ خاطر رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے معیار اور شفافیت پر سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔



