انسدادِ اسموگ آگاہی مہم؛ اسسٹنٹ کمشنر جہلم کی زیر نگرانی نمبرداران کنونشن کا انعقاد

جہلم: انسداد اسموگ آگاہی مہم کے سلسلے میں محکمہ زراعت کے زیرِ اہتمام اور اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان کی زیر نگرانی نمبرداران کنونشن منعقد ہوا، جس کا مقصد نمبرداران کو اسموگ کے اسباب، فضائی آلودگی کے مضر اثرات اور اس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرنا تھا۔

کنونشن کے دوران فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی، انسانی صحت اور ماحول پر اس کے منفی اثرات اور ماحول دوست زرعی طریقوں کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ اسموگ کی روک تھام کے لیے کسانوں اور مقامی آبادی میں آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے تاکہ آلودگی میں کمی لانے کے لیے موثر اقدامات کیے جاسکیں۔

اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے نمبرداران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے کے نقصانات سے آگاہ کریں اور انہیں ماحول دوست متبادل طریقے اپنانے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد اسموگ اقدامات کو کامیاب بنانے کے لیے مقامی نمائندوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے، ماحول کو صاف رکھنے اور انسانی صحت کے تحفظ کے لیے متعلقہ محکموں، کسانوں اور مقامی نمائندوں کو باہمی تعاون سے کام کرنا ہوگا۔ اسموگ کی روک تھام کے لیے اجتماعی کوششیں اور عوامی شعور کی بیداری وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

↑
Exit mobile version