جہلم پنڈ دادنخان ڈیول کیرج وے منصوبے میں مبینہ کرپشن پر گرفتار فوادچودھری کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا کی عدالت نے جہلم تا پنڈ دادنخان (للَہ) ڈیول کیرج وے منصوبے میں مبینہ کرپشن پر گرفتار سابق وزیر فوادچودھری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11 مارچ تک کی توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو طلب کر لیا۔
گزشتہ روز سماعت کے دوران فواد چودھری کو جوڈیشل کمپلیکس لایاگیا۔ دوران سماعت جج ناصرجاوید رانا نے کہاکہ آج پہلی سماعت کر رہا ہوں،تفتیشی افسر کو بلا لیں کیا.
فواد چودھری نے کہاکہ ابھی تو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا ہے،تاریخ تھوڑی زیادہ دے دیں،رمضان بھی آ رہا ہے،ملاقات کی اجازت بھی دے دیں، آپ تحریری حکم دیں گے تو مہربانی ہوگی۔
جج ناصر جاوید رانا نے کہا کہ اس معاملہ کو دیکھ لیتے ہیں اور حکم جاری کر دیں گے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو عدالت طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تفتیشی افسر عدالت پیش ہو کر کیس کی صورتحال سے متعلق آگاہ کریں۔
عدالت نے فواد چودھری کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 11 مارچ تک کیلئے ملتوی کر دی۔



