جشن آزادی پاکستان کو ہر فرد کو جوش و جذبے کے ساتھ منانا چاہیے، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

جہلم: مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا ہے کہ جشنِ آزادی پاکستان کو ہر فرد کو جوش و جذبے کے ساتھ منانا چاہیے، کیونکہ قدرت نے ہمیں یہ عظیم ملک تحفے میں دیا ہے۔ اس ملک کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔

وہ گورنمنٹ تبلیغ الاسلام ہائی سکول جہلم میں جشنِ آزادی کی 14 روزہ تقریبات کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، پولیس، دیگر محکموں کے افسران، سماجی شخصیات، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران پاکستان کا سب سے بڑا قومی پرچم، جس کی لمبائی 120 فٹ اور چوڑائی 80 فٹ ہے، فضا میں لہرایا گیا۔ بعدازاں مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے جشن آزادی کا کیک کاٹا، پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔

ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات کو شایانِ شان انداز میں منایا جا رہا ہے۔ تمام سرکاری و نجی ادارے، بازار اور مارکیٹیں قومی جذبے سے سرشار تقریبات میں شریک ہو رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی سطح پر جشنِ آزادی کے سلسلے میں تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ تمام سرکاری محکمے اپنی اپنی سطح پر خصوصی پروگرام منعقد کریں گے تاکہ نوجوان نسل میں حب الوطنی کو فروغ ملے۔

تقریب کے اختتام پر جشنِ آزادی کی خوشی میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی نے پرندوں کو آزاد کیا اور قومی پرچم کے رنگوں کے غبارے فضا میں چھوڑے گئے، جس سے تقریب کا ماحول انتہائی جذباتی اور پرجوش ہو گیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button