ضلع جہلم شدید گرمی کی لپیٹ میں، درجہ حرارت 47 ڈگری تک جا پہنچا

جہلم: ضلع جہلم سمیت پورا خطہ ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔ علی الصبح سے شام تک سورج آگ برساتا رہا، جس کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ ضلعی ہیڈکوارٹر جہلم میں خشک موسم نے گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز جہلم شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو رواں سیزن کا ایک بلند ترین درجہ حرارت ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران جہلم سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ملک گیر پیش گوئی کے مطابق آج سے 12 جون تک وسطی و بالائی پنجاب میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی و وسطی سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں بھی درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری زائد ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں، ہلکے اور کھلے کپڑے پہنیں اور بلا ضرورت دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں۔ بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو خاص طور پر گرمی سے محفوظ رکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں۔



