جہلم میں شوہر کا بھائیوں کے ساتھ مل کر بیوی پر بدترین تشدد، ملزم گرفتار

جہلم میں شوہر کا بھائیوں کے ساتھ مل کر بیوی پر تشدد، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جہلم کے نواحی علاقے سنگھوئی میں پیش آیا، جہاں حسیب نامی شخص نے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر بیوی پر شدید تشدد کیا۔ خاتون کو کمرے میں بند کر کے نہ صرف بھوکا رکھا گیا جبکہ شوہر کمرے میں بند کر کے بیوی کے جسم پر سگریٹ بھی لگاتا رہا۔

متاثرہ خاتون شیرین کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ شیرین نے پولیس کو دیے گئے ابتدائی بیان میں بتایا کہ اُس نے ڈیڑھ سال قبل محمد حسیب نامی نوجوان سے والدین کی مرضی کے بغیر پسند کی شادی کی تھی۔ تاہم شادی کے بعد نہ صرف شوہر کے اہل خانہ بلکہ خود شوہر نے بھی اسے تسلیم نہیں کیا اور مسلسل ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔

خاتون کا کہنا تھا کہ میں نے شوہر کی خاطر کورٹ میرج کر کے اپنے ماں باپ کو چھوڑا، مگر بدلے میں مجھے اذیتیں دی گئیں، کمرے میں بند کر کے بھوکا رکھا جاتا رہا اور طلاق کی دھمکیاں دی جاتی رہیں۔

ڈی پی او جہلم کی ہدایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے محمد حسیب کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور اسے گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button