سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقہ بڑاگواہ میں پانچواں حاجی محمد افضل حسین و راجہ نومی مڑھ میموریل ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران چار دن تک شائقین کرکٹ میں قرعہ اندازی کے ذریعے موبائل فونز، گھڑیاں اور قرآن پاک تقسیم کیے گئے جبکہ فائنل میچ کے بعد عمرہ کے دو ٹکٹوں کی قرعہ اندازی عمل میں لائی گئی۔
ہزاروں کی تعداد میں شائقین کرکٹ نے اپنی قسمت آزمانے کے لیے شناختی کارڈ کی کاپیاں جمع کرائیں۔ خوش نصیبوں میں پہلا ٹکٹ گتر کے رہائشی اور پرسنل سیکرٹری نواب آف کالا باغ راجہ فیصل عنایت کیانی کے صاحبزادے راجہ فہد فیصل کیانی کے نام نکلا۔ ٹکٹ وصول کرتے وقت خوشی کے آنسو ان کی آنکھوں سے چھلک پڑے۔
دوسرا ٹکٹ بھگوالہ کے نوجوان کرکٹر محمد رجب کے والد، سابق پولیس آفیسر پہلوان ظفر کے نام نکلا۔ دونوں خوش نصیبوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں افراد میں سے منتخب ہونا ہماری بڑی سعادت ہے، ہم مدینہ منورہ میں سب کے لیے خصوصی دعا کریں گے۔
ٹکٹ جیتنے پر فہد فیصل اور پہلوان ظفر کو دوستوں، رشتہ داروں اور شائقین کرکٹ نے مبارکباد پیش کی۔ مبارکباد دینے والوں میں راجہ عظمت کمال، سہیل اکبر، کاظم کلیم، راجہ لقمان، کامران اسحاق، راجہ ندیم عزیز، راجہ عدنان کیانی، ملک اسجد اعوان، چوہدری صداقت علی، پہلوان عدیل کیانی، راجہ الفت، طلعت وکی اور دیگر شامل تھے۔
