ضلع جہلم میں سردی نے دستک دیدی، بارش برسنے سے موسم سرد ہو گیا

ضلع جہلم میں سردی نے دستک دیدی، بارش برسنے سے موسم سرد ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں علی الصبح سے ہی گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ جہلم، دینہ، پنڈدادنخان اور سوہاوہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا ہے، موسم ٹھنڈا ہونے کے باعث کئی علاقوں میں گرم کپڑے نکل آئے۔
بارش کے باعث ٹھنڈک کا احساس شروع ہو گیا،بارش شروع ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی شروع متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش ہونےسے موسم سرد ہوگیا، حالیہ بارش سے موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
ادھر پنڈدادنخان اور گردونواح میں بارش سے موسم سرد ہو گیا، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش کے باعث للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے ایک بار پھر عوام کے لیے وبال جان بن گیا، صبح وقفہ وقفہ سے جاری بارش کے بعد روڈ کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے جس سے مسافروں سمیت ٹرانسپوٹرز حضرات کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے بعد مصری موڑ سے پنڈدادنخان تک سڑک کی حالت زار نے ضلع جہلم کے تمام سیاسی لیڈران کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ دو سال سے جاری للِہ تا جہلم ڈوول کیرج وے تاحال مکمل نہ ہو سکا اور فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے التوا کا شکار ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔



