ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے باوجود جہلم میں مہنگی فروخت جاری، شہری حکومتی ریلیف سے محروم

جہلم: حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کے اعلان کے باوجود ضلع جہلم میں شہریوں کو اس کا مکمل فائدہ نہ مل سکا، جبکہ مارکیٹ میں دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت 304 روپے فی کلو مقرر کرتے ہوئے فی کلو 20 روپے کمی کا اعلان کیا، تاہم مقامی سطح پر سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں ایل پی جی سلنڈر فروخت کرنے والے دکاندار خود ساختہ قیمتیں نافذ کیے ہوئے ہیں، جس کے باعث شہری مہنگے داموں ایندھن خریدنے پر مجبور ہیں۔
دوسری جانب قدرتی گیس کی محدود فراہمی اور جاری گیس بحران کے باعث ایل پی جی کا استعمال بڑھ گیا ہے، خصوصاً ہوٹلز، میرج ہالز اور مارکیز میں طلب میں اضافے نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے فوری کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے اور مارکیٹ میں نظم و ضبط قائم ہو۔



