سی سی ڈی جہلم نے باپ بیٹے کے دوہرے قتل کے اشتہاری مجرم کو سیالکوٹ ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا

پنڈدادنخان: سی سی ڈی جہلم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے باپ بیٹے کے دوہرے قتل کے اشتہاری مجرم کو سیالکوٹ ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) جہلم کے اسپیشل آپریشن سیل نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ پنڈدادنخان کے مقدمہ نمبر 33/19، بجرم 302 ت پ میں مطلوب دوہرے قتل کے اشتہاری مجرم شہزاد افضل ولد محمد اسلم سکنہ مونا ڈپو ضلع منڈی بہاؤالدین کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم پر مبینہ طور پر ذاتی رنجش کی بنا پر باپ اور بیٹے کو کرنٹ لگا کر قتل کرنے کا الزام ہے۔ واردات کے بعد ملزم بیرونِ ملک فرار ہوگیا تھا اور پولیس کو مطلوب تھا۔

سی سی ڈی جہلم کے اسپیشل آپریشن سیل نے 18 اگست 2026 کو سائنٹیفک ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم کو سیالکوٹ ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے مقامی پولیس تھانہ پنڈدادنخان کے حوالے کیا جائے گا۔

سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور قانون سے فرار ہونے والے ملزمان کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Exit mobile version