جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، 382 افراد اور 155 گھروں کی چیکنگ، 2 اشتہاری گرفتار

جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس ٹیموں نے ضلع کے مختلف علاقوں میں 18 مقامات پر سرچ آپریشنز کرتے ہوئے 382 افراد، 155 گھروں اور 18 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کو چیک کیا۔
پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران تھانہ سٹی اور تھانہ صدر کے علاقوں سے ایک 30 بور پسٹل معہ ایمونیشن، ایک کلو 560 گرام چرس اور 20 لیٹر شراب برآمد کی گئی، جبکہ کارروائی کے دوران 2 اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کے علم میں ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جائے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔



