سوہاوہ کے علاقہ ڈومیلی میں پولیس ٹیم پر فائرنگ، کانسٹیبل زخمی، ملزم زخمی حالت میں گرفتار

سوہاوہ: تھانہ ڈومیلی کے علاقہ رسول پور کے قریب پولیس پارٹی پر فائرنگ سے کانسٹیبل زخمی ہو گیا، پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور خنجر برآمد کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ڈومیلی پولیس نے گشت کے دوران مشکوک گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا تو ملزم قاسم حسین شاہ نے پولیس پارٹی پرفائرنگ کر دی، پولیس پارٹی نے مناسب حکمت عملی اپناتے ہوئے گاڑی کا تعاقب کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم کی فائرنگ سے کانسٹیبل ندیم اللہ زخمی ہو گئے جبکہ ملزم نے فائرنگ کرتے ہوئے خود کو بھی زخمی کرلیا۔ ملزم نے گاڑی بھگاتے ہوتے وہاں پر موجود بکریوں کے ریوڑ کو بھی کچل دیا۔
اطلاع ملتے ہی ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ بھی موقع پر پہنچ گئے، کانسٹیبل ندیم اللہ اور ملزم قاسم حسین کو علاج معالجہ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا کہنا ہے کہ جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک و قوم کی خدمت کرنے والے ہم سب کے ہیرو ہیں جن پر فخر ہے۔ جہلم پولیس شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے لئے دن رات مصروف عمل ہے۔



