اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب ملزم گرفتار، ناجائز اسلحہ رکھنے والا ملزم بھی دھر لیا گیا

سوہاوہ: پولیس نے تحصیل سوہاوہ میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ایک ملزم اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے ایک اور ملزم کو گرفتار کر کے آلۂ ضرب اور اسلحہ برآمد کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی کلہاڑی بھی برآمد کر لی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ مقدمہ کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے تاکہ واقعہ سے متعلق تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
دوسری جانب تھانہ ڈومیلی پولیس نے ایک اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 7 ایم ایم پستول معہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا، جس پر اس کے خلاف تھانہ ڈومیلی میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور ضلع میں امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز اسلحہ رکھنے، اس کی نمائش کرنے اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



