جہلم میں بیکری اشیاء کی قیمتوں میں کمی نہ ہو سکی، سستا آٹا اور مہنگی ڈبل روٹی، عوام پر ظلم

جہلم: ضلع جہلم میں گندم، آٹا، میدہ اور کوکنگ آئل سمیت متعدد بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود بیکری مالکان کی جانب سے ڈبل روٹی، رس، مٹھائی اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں کسی قسم کی کمی نہ کی گئی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ناجائز منافع خوری نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ متعلقہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔
حالیہ مہینوں میں گندم کا فی من ریٹ 5500 روپے سے کم ہو کر 2200 روپے تک آ چکا ہے، مگر اس کے باوجود بیکری مصنوعات بدستور پرانے مہنگے نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق سب سے چھوٹی ڈبل روٹی کی قیمت 120 روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ رس، مٹھائی اور دیگر آئٹمز کی قیمتوں میں بھی کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔
مزید براں بیکری مالکان نے شاپنگ بیگز (شاپر) کی قیمت 12 روپے سے بڑھا کر 15 روپے کر دی ہے اور اپنی دکانوں پر اس اضافے کی واضح تشہیر بھی کی جا رہی ہے، جسے صارفین نے کھلا استحصال قرار دیا ہے۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں درید بن نقاش، عاصم علی، صائم علی، مظہر شانی اور چوہدری مہربان حسین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بیکری مالکان گھٹتی قیمتوں کا فائدہ صارفین تک منتقل کرنے کے بجائے ناجائز منافع خوری میں مصروف ہیں۔ فہیم احمد نے کہا کہ شاپر کی قیمت بھی زبردستی صارف سے وصول کی جا رہی ہے، جو سراسر ظلم اور لوٹ مار کے مترادف ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ سب کچھ جانتے ہوئے بھی ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کارروائی سے گریز کر رہی ہے، جس سے بااثر بیکری مالکان کو مزید حوصلہ مل رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں تناسب کے مطابق کمی کروائی جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔



