جہلم میں جیولر فیضان کے اندھے قتل کا معمہ حل، قریبی جاننے والا ملزم گرفتار

جہلم میں جیولر فیضان کے اندھے قتل کا معمہ حل،ڈکیتی کے دوران جیولر کو قتل کرکے سونے کے زیورات لوٹنے والا ملزم مقتول کا قریبی جاننے والا نکلا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے چکری راجگان میں دورانِ ڈکیتی جیولر فیضان کے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واردات میں ملوث ملزم مقتول کا قریبی جاننے والا اور ملحقہ گاؤں کا رہائشی ہے، جسے شک کی بنیاد پر تفتیش کے بعد گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش قتل اور ڈکیتی کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ اس کے قبضے سے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا بھی برآمد کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز جیولر فیضان کو اس وقت قتل کر دیا گیا تھا جب وہ اپنے گھر سے واپس جا رہا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم بھی مقتول کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آیا اور راستے میں ایک ویران مقام پر اس کے سر میں گولی مار کر اسے قتل کر دیا۔ واردات کے بعد ملزم مقتول کے پاس موجود زیورات کا بیگ لے کر فرار ہو گیا تھا۔
پولیس کے مطابق مقتول کے بیگ میں 400 گرام سے زائد سونا اور دیگر ضروری اشیاء موجود تھیں۔ واردات کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے اور ملزم کی تلاش شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش ایک اہم پہلو یہ سامنے آیا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جانے کے وقت ملزم بھی موقع پر موجود رہا۔ پولیس کو اس کی سرگرمیوں پر شک ہوا، جس کے بعد اسے تفتیش میں شامل کیا گیا۔ مزید پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر قتل اور ڈکیتی میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا برآمد کیا گیا ہے، جبکہ اس سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے تاکہ واردات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث ملزم کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



