پنڈدادنخان میں نسیم عبدالرؤف اسکالرشپ پروگرام کی پہلی تقریب، 10 ہونہار طلبہ و طالبات میں وظائف تقسیم

پنڈدادنخان: نسیم عبدالرؤف اسکالرشپ پروگرام کی پہلی ایوارڈ تقریب خورشید ریسٹورنٹ پنڈدادنخان میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں تحصیل کے تینوں سرکاری کالجوں کے 10 ہونہار طلبہ و طالبات میں لاکھوں روپے کے نقد اسکالرشپس اور تحائف تقسیم کیے گئے۔ اس تعلیم دوست منصوبے کا آغاز محمد فاروق رؤف اور ان کی فیملی نے کیا ہے، جس کا مقصد مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
اسکالرشپ پروگرام کے تحت منتخب طلبہ و طالبات کو سالِ اول سے لے کر اعلیٰ ڈگری کے حصول تک مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی، تاکہ مالی مشکلات ان کی تعلیمی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکیں اور وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق تعلیم جاری رکھ سکیں۔
اس منصوبے کو شروع کرنے، مستحق اور باصلاحیت طلبہ کی جانچ پڑتال اور پروگرام کو عملی شکل دینے میں چوز ہیپینس فاؤنڈیشن نے اہم کردار ادا کیا۔ فاؤنڈیشن کی معاونت سے اہل طلبہ کا انتخاب کیا گیا تاکہ اسکالرشپ کی سہولت ان طلبہ تک پہنچائی جا سکے جو تعلیمی میدان میں نمایاں صلاحیتوں کے حامل ہیں اور مالی مدد کے مستحق ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نیاز اعوان نے نسیم عبدالرؤف فیملی کو اس عظیم اور تعلیم دوست منصوبے کا آغاز کرنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستحق اور ہونہار طلبہ کی تعلیمی سرپرستی ایک قابلِ قدر اقدام ہے، جو نہ صرف طلبہ کے مستقبل کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ معاشرے میں تعلیم کے فروغ کا ذریعہ بھی بنے گا۔
پروفیسر نیاز اعوان نے چوز ہیپینس فاؤنڈیشن کی معاونت اور کاوشوں کو بھی سراہا اور سعید بھائی اور بختیار احمد کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے منصوبوں سے مستحق طلبہ کو اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کے مواقع میسر آئیں گے اور وہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔
نسیم عبدالرؤف اسکالرشپ پروگرام کو علاقے میں تعلیم کے فروغ اور باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت طلبہ کو مالی معاونت فراہم کرکے ان کی تعلیمی منزل کے حصول میں مدد دی جائے گی۔



