جہلم: جماعت اسلامی انتظامی صوبوں کی تعداد بڑھانے کے حق میں ہے، آئینی طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر طارق سلیم

جہلم: امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں انتظامی صوبوں کی تعداد بڑھانے کے حق میں ہے، تاہم اس مقصد کے لیے آئین میں دیے گئے طریقہ کار اور مناسب فریم ورک کو اختیار کرنا ضروری ہے۔ بلاول زرداری کی جانب سے صوبوں کے قیام کے معاملے پر خون خرابے کی دھمکیاں دینا پیپلز پارٹی کی سابقہ روش کا تسلسل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جہلم کے زیرِ اہتمام نو منتخب امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم سید ضیاء اللہ بخاری اور سابق امیر ضلع ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتظامی صوبوں کا قیام عوام کو بہتر انتظامی سہولیات کی فراہمی اور حکومتی نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ہونا چاہیے، نہ کہ اسے سیاسی مفادات کی نذر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کچھ کمی ضرور ہوئی ہے، تاہم حالیہ بحران کے دوران آئل کمپنیوں نے ناجائز منافع کمایا۔ جماعت اسلامی نے عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور احتجاج کیا، جس کے نتیجے میں حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں کر سکی۔ مہنگائی اور معاشی مشکلات سے دوچار عوام پر مزید بوجھ ڈالنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فائدہ عام آدمی تک پہنچنا چاہیے اور منافع خوری و عوامی استحصال کا راستہ روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ جماعت اسلامی محض سیاسی بیانات اور اقتدار کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ عوامی مسائل کے حل، آئینی و جمہوری جدوجہد اور مظلوم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے میدانِ عمل میں موجود ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، کسانوں کے معاشی مسائل اور عوام پر پڑنے والے غیر ضروری مالی بوجھ کے خلاف جماعت اسلامی اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی، شفاف طرزِ حکمرانی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکمرانوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

↑
Exit mobile version