سول لائن روڈ پر نکاسی آب کے ناقص انتظامات، شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا

جہلم: اندرون شہر سول لائن روڈ پر نکاسی آب کے زیر تعمیر نالوں کی وجہ سے سیوریج کا گندا اور بدبودار پانی سڑک پر جمع ہو گیا، جس سے دوکانداروں، خریداروں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک کے اطراف قائم دکانوں کے سامنے گندا پانی کھڑا ہے، جس کی بدبو سے گزرنا تک محال ہو چکا ہے۔

جہلم میں سول لائن روڈ پر نکاسی آب کے نالوں کی تعمیر جاری ہے، تاہم ناقص منصوبہ بندی اور بروقت نکاسی کے انتظامات نہ ہونے کے باعث سیوریج کا پانی کھلے عام سڑک پر چھوڑ دیا گیا ہے۔3

دوکانداروں کا کہنا ہے کہ گندے پانی کے باعث ان کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے، اور گاہک اس طرف آنے سے گریز کر رہے ہیں۔

مقامی مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹھیکیدار اور سب انجینئر کی غفلت اور نالائقی کے باعث علاقے میں بدترین صورت حال پیدا ہو چکی ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹھیکیدار کو نالے جلد از جلد مکمل کرنے کا پابند بنائیں تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو۔

Exit mobile version