دینہ میں “امبر گینگ” کے سرغنہ سمیت 2 ملزمان گرفتار، مال مسروقہ برآمد

دینہ پولیس نے ڈکیتی اور نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث امبر گینگ کے سرغنہ سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ڈی پی او صدر سرکل شہباز ہنجرا کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ دینہ سرمد الیاس ملک اور ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ، نقدی، مالِ مسروقہ اور موبائل فونز برآمد کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو عدد چوری شدہ موٹر سائیکلیں، رائفل 44 بور بمعہ ایمونیشن، ایک عدد چوری شدہ موٹر، چار عدد موبائل فونز (مالیتی 80 ہزار روپے) اور نقدی 4 لاکھ 57 ہزار روپے برآمد کی گئی ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔



