جہلم میں سیلز مین نے بہادری اور حاضر دماغی سے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی

جہلم میں سیلز مین نے بہادری اور حاضر دماغی سے دن دیہاڑے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ سٹی کے علاقے مشین محلہ نمبر 1 میں واقع ساجد ملک شاپ پر دو مسلح ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے ڈکیتی کی کوشش کی، تاہم دکان پر موجود سیلز مین نے حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے واردات ناکام بنا دی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ڈاکو دکان کے اندر داخل ہوا اور آتے ہی سیلز مین کو مکا مارا۔ سیلز مین نے بھی فوراً ردعمل دیا اور جوابی وار کرتے ہوئے ڈاکو کو مکا رسید کیا۔ اسی دوران دوسرا ڈاکو جو باہر پہرہ دے رہا تھا اس نے پسٹل نکال کر فائر کرنے کی کوشش کی، لیکن خوش قسمتی سے گولی چیمبر میں پھنس گئی اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
@jhelumupdates جہلم میں سیلز مین نے بہادری اور حاضر دماغی سے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی #JhelumUpdates #Latestnews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos ♬ original sound – Jhelum Updates
سیلز مین کی دلیری سے بوکھلا کر اندر موجود ڈاکو باہر کی طرف بھاگا، جس کے پیچھے نوجوان سیلز مین بھی دوڑا۔ صورتحال بگڑتی دیکھ کر دوسرا مسلح ڈاکو بھی موقع سے فرار ہو گیا۔ نوجوان سیلز مین نے دونوں کو پکڑنے کی کوشش کی، مگر وہ بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی مکمل سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ چکی ہے، جس میں سیلز مین کی جرأت اور ڈاکوؤں کی بھاگ دوڑ واضح دیکھی جا سکتی ہے۔ حیران کن طور پر ڈکیتی کی اس واردات کے دوران دیگر شہری صرف تماشہ دیکھتے رہے اور کسی نے بھی مدد کرنے کی کوشش نہیں کی۔
دوسری جانب ترجمان جہلم پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی نہ تو کوئی کال موصول ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔



