جہلم میں بھی گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجرا کا آغاز

20
جہلم میں بھی گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجرا کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
جائیداد کے کاغذات کی تصدیق کے بعد مالکان کو گرین سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ یہ سرٹیفکیٹ پنجاب حکومت سے تصدیق شدہ ہوگا اور نادرا سے مربوط ہو گا، جس کا مقصد جائیداد کے معاملات میں شفافیت اور قانونی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے حامل شخص کی جائیداد پر کوئی دوسرا دعویٰ دائر نہیں کر سکے گا، جس سے لین دین میں اعتماد بڑھے گا اور فراڈ کے امکانات کم ہوں گے۔ مزید یہ کہ اس سرٹیفکیٹ کے حامل افراد کو بینکوں سے نسبتاً کم شرح سود پر قرض حاصل کرنے کی سہولت بھی میسر آئے گی، جو جائیداد مالکان کے لیے ایک بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔
گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ اراضی ریکارڈ سنٹرز سے حاصل کیا جا سکے گا اور یہ سہولت رہائشی، کمرشل اور زرعی زمین سمیت ہر قسم کی جائیداد کے لیے دستیاب ہوگی۔ سرٹیفکیٹ کی فیس محض 950 روپے مقرر کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
حکام کے مطابق گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا اجرا جہلم سمیت 28 شہروں میں شروع کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں اس کے دائرہ کار کو پورے پنجاب میں وسعت دی جائے گی۔ اس اقدام کو جائیداد کے شعبے میں ایک اہم اصلاح قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ جائیداد سے متعلق تنازعات میں بھی واضح کمی آنے کی توقع ہے۔



