قیمتی جانوں کے تحفظ اور ٹریفک روانی کیلئے تمام ادارے ہنگامی بنیادوں پر کردار ادا کریں، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام اور مؤثر لوڈ مینجمنٹ کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔

یہ بات انہوں نے ٹریفک مینجمنٹ اور ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ریسکیو 1122 کے نمائندگان کی جانب سے گزشتہ ماہ ضلع بھر میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات، ان میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد، اور حادثات کی وجوہات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے حادثات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی طور پر موٹرسائیکل سواروں کے حادثات پر فوری توجہ دی جائے۔

انہوں نے ٹریفک پولیس، موٹروے پولیس، روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی تعاون سے مؤثر حکمت عملی مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اوورلوڈ گاڑیوں، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام کو ہدایت کی کہ بغیر فٹنس، اوورلوڈ اور پرانی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کریں اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے۔

اجلاس میں موجود سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثات کی روک تھام سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں، جنہیں ڈپٹی کمشنر نے سراہتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ان پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عوامی شعور بیدار کرنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے اور حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button