جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز جہلم ماہم مشتاق کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد طارق اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کھیلوں کے فروغ اور ضلع بھر سے کھلاڑیوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے مختلف انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد طارق نے وزیر اعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے حوالے سے جاری تیاریوں، کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل اور مختلف تعلیمی اداروں سے طلباء و طالبات کی شرکت کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں منعقد کرنے اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہم مشتاق نے متعلقہ افسران اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور ضلع جہلم کے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور دینی مدارس سے طلباء و طالبات کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے۔
ماہم مشتاق نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ یوتھ گیمز کے انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ ضلع جہلم کے نوجوانوں کو اپنی کھیلوں کی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور مقابلوں میں حصہ لینے کے بھرپور مواقع میسر آ سکیں۔
