جہلم پولیس نے پاکستانی نژاد برطانوی فیملی کے گمشدہ بچے کو ڈھونڈ کر فیملی سے ملا دیا
جہلم پولیس کی بچھڑوں کو اپنوں سے ملانے کی روایت برقرار، برطانیہ سے آئی اوورسیز پاکستانی فیملی کا لاپتہ بچہ احد خان ڈھونڈ کر لواحقین کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق احد خان UK سے 3 دن پہلے اپنی فیملی کے ہمراہ پاکستان آیا اور گھر والوں سےمعمولی لڑائی جھگڑے کے بعد ناراض ہو کر گھر سے چلا گیا۔
بچہ مقامی زبانوں سے واقفیت نہ رکھتا تھا اور بغیر کسی شناختی دستاویزکے گھر سے غائب ہو گیا تھا، جس کو ڈھونڈنا مقامی پولیس کے لئے کسی چیلنج سے کم نہ تھا۔
احد خان کے والد نے بچے کے لاپتہ ہونے کی اطلاع پولیس چوکی کینٹ کو دی،جس پر انچارج پولیس چوکی کینٹ نوید افضل اور انکی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فوری مقدمہ درج کیا۔
کینٹ پولیس نے لگاتار کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد لاپتہ بچہ ڈھونڈ کر والدین کے حوالے کیا جس پر اوورسیز فیملی نے پولیس سے اظہار تشکر کرتے ہوئے پولیس پارٹی کو پھولوں کے ہار پہنائے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ “پولیس کا ہے فرض ، مدد آپ کی” کے مشن کے تحت جہلم پولیس عوام الناس کی مدد کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔



