جہلم میں ملکی دفاع کے جذبے سے سرشار نوجوانوں کی سول ڈیفنس میں بطور رضاکار رجسٹریشن کا عمل جاری

جہلم: موجودہ ملکی صورتحال کے پیشِ نظر ضلع جہلم کے نوجوانوں میں ملکی دفاع کے جذبے کو فروغ حاصل ہو رہا ہے اور بڑی تعداد میں نوجوان سول ڈیفنس میں بطور رضاکار رجسٹر ہونے لگے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کے لیے یہ اقدام ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی خصوصی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے۔
سول ڈیفنس دفتر جہلم میں رضاکاروں کی رجسٹریشن کا عمل نہایت تیزی سے جاری ہے، جس میں اب تک سینکڑوں نوجوانوں نے شمولیت اختیار کرتے ہوئے یہ عہد کیا ہے کہ وہ وطن عزیز کے دفاع اور شہریوں کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
محکمہ سول ڈیفنس کے ترجمان کے مطابق رجسٹرڈ ہونے والے رضاکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق مکمل تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ ہنگامی حالات میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ ان رضاکاروں کو ضلعی، تحصیل اور یونین کونسل سطح پر کسی بھی وقت شہریوں کی مدد، حفاظت اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے تعینات کیا جا سکے گا۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اس اقدام کو نوجوانوں کے لیے ایک سنہری موقع قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ قوم کی خدمت اور مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ایک اعزاز ہے، جس کے لیے سول ڈیفنس ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔



