جہلم: بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت یا شخص کا بنیادی حق ہے مگر پرامن طریقے سے پاکستان تحریک انصاف اور پرامن احتجاج دو ایسے الفاظ ہیں جو ساتھ کبھی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ وہ کہہ رہے ہیں ہم آپ پر چڑھائی کریں گے یا ڈی چوک پر آئیں گے، اسکی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نےجہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاخوف وتردید بتارہا ہوں کہ پی ٹی آئی (پاکستان تحریک انصاف) کو اسلام آباد پر چڑھائی سے روکنے کیلئے ہر ممکن قانونی حربہ استعمال کیا جائے گا۔ کسی بھی صورت شہریوں کی زندگی اور پبلک پراپرٹی رسک کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ سے اجازت لے کر پرامن طریقے سے احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو وہ احتجاج کریں۔ بدقسمتی سے تحریک انصاف کی ایک تاریخ ہے وعدہ خلافی کرنے کی، کوئی بھی غیر قانونی کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کسی بھی دفتر میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی، اگر کوئی سرکاری افسر یااہلکار کسی شہری سے جائز کام کے پیسے مانگے یاوصول کرے ثبوت کے ساتھ رجوع کرے۔ ایسے افسران اور ملازمین کو ضلع بدر کرنے کے ساتھ ساتھ نوکری سے بھی ہاتھ دھونا پڑیں گے۔
