اسسٹنٹ کمشنر جہلم کا پے آرڈر ڈسٹری بیوشن کاؤنٹر کا دورہ، شفاف تقسیم اور آئمہ کرام کے احترام کی ہدایت

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور مذہبی پیشواؤں کی فلاح و بہبود کے خصوصی پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ نے اپنے دفتر میں قائم کردہ”پے آرڈر ڈسٹری بیوشن کاؤنٹر” کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مساجد کے آئمہ کرام اور علمائے دین کے لیے اعزازیہ کے طور پر جاری کیے جانے والے پے آرڈرز کی تقسیم کے عمل کا معائنہ کیا اور عملے سے پے آرڈرز کی دستیابی اور تقسیم کے طریقہ کار پر بریفنگ لی۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر عبدالسمیع شیخ نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کے احکامات کے مطابق پے آرڈرز کی تقسیم میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تقسیم کے دوران آئمہ کرام کے احترام و وقار کا خاص خیال رکھا جائے اور ان کے تمام مسائل کا فوری ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے عملے کو پابند کیا کہ تقسیم کے عمل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

عبدالسمیع شیخ نے کاؤنٹر پر آئمہ کرام کے لیے پینے کے صاف پانی اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کا مقصد دینی خدمات انجام دینے والے طبقے کی معاشی معاونت اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اس فلاحی ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام تر انتظامی وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے تاکہ حقداروں کو ان کا حق بلا تعطل مل سکے۔

دورے کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ عملے کو پے آرڈرز کی تقسیم کا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کرنے اور پیش رفت رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس ارسال کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے سخت تنبیہ کی کہ اس اہم سرکاری اور مذہبی فریضے کی ادائیگی میں کسی بھی سطح پر غفلت یا بدانتظامی پائے جانے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button