سوشل میڈیا کی دوستی محبت میں بدل گئی، امریکی خاتون نے جہلم آکر پاکستانی نوجوان سے شادی کرلی

پنڈدادنخان/ جہلم: سوشل میڈیا کی دوستی محبت میں بدل گئی، امریکی خاتون نے پاکستان کے ضلع جہلم میں آکر پاکستانی نوجوان سے شادی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ہونے والی دوستی محبت میں بدل گئی، جس کے بعد 58 سالہ امریکی خاتون روزانا مرینا پاکستان پہنچ گئیں اور جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے شہر کھیوڑہ آکر 34 سالہ پاکستانی نوجوان عادل شہزاد سے نکاح کرلیا۔
عادل شہزاد کے مطابق تقریباً تین سال قبل سوشل میڈیا کے ذریعے روزانا مرینا سے دوستی ہوئی، جو وقت گزرنے کے ساتھ محبت میں بدل گئی۔ عادل کا کہنا ہے کہ اس نے روزانا کو فیس بک پر ایڈ کیا تھا، بات چیت کا سلسلہ آگے بڑھا اور دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق امریکی خاتون نے پاکستان پہنچ کر اسلام قبول کیا اور عادل شہزاد کے ساتھ نکاح کرلیا۔ دونوں کی شادی نے سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کی ہے۔
دوسری جانب خاتون نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مرضی سے پاکستان آئی ہیں اور اپنی رضامندی سے عادل شہزاد سے شادی کی ہے۔



