جہلم: عیدالاضحیٰ کے ایام میں بجلی کی ٹرپنگ اور سوئی گیس کی آنکھ مچولی، شہریوں کی عید بری طرح متاثر

جہلم: عید کے تینوں ایام بجلی کی ٹرپنگ، سوئی گیس کی آنکھ مچولی، شہریوں کی عید بری طرح متاثر، شدید گرمی میں متعدد جگہوں پر بجلی کی عدم دستیابی کے باعث اشیاء خوردونوش خراب ہونے کی بھی اطلاعات، آئیسکو سرکل جہلم کے ذمہ داران خواب خرگوش کے مزے لیتے رہے،صارفین سراپااحتجاج رہے۔
تفصیلات کے مطا بق عیدالا ضحیٰ کے تین روز واپڈا کی طرف سے بجلی اور محکمہ سوئی نادرن گیس کی جانب سے سوئی گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے صارفین شدید اضطراب میں مبتلا رہے ، صارفین کی عید کی خو شیاں مانند پڑگئیں۔
جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں صارفین کے فریز ربند رہنے کی وجہ سے سبزیاں، اشیاء خوردونوش کے خراب ہونے کی اطلاعا ت بھی موصول ہوئیں متعلقہ محکموں کے ذمہ دار افسران اپنے گھروں میں بچو ں کے ساتھ عید کی خوشیاں مناتے رہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ یوں لگتا ہے کہ وفاقی حکومت نے بجلی و گیس کی بندش کرکے صارفین سے کوئی انتقام لیا ہے ۔
جہلم شہرکی سماجی، رفاعی، فلاحی اور کارروباری تنظیموں کے عمائدین کا کہنا ہے کہ پہلے مذہبی تہواروں کے موقع پر حکومتیں سوئی گیس اور بجلی کے ایسے حالات پیدا نہیں کرتے تھے جو تجربہ موجودہ حکومت نے کیاہے ۔ اعلیٰ حکام اس پر فوری نوٹس لیتے ہوئے بجلی و گیس کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں کردار ادا کریں تاکہ صارفین کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔



