چوری کی وارداتوں میں ملوث عمرو گینگ کے 3 ملزمان گرفتار، رقم برآمد

جہلم: پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری کی وارداتوں میں ملوث عمرو گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ مال مسروقہ فروخت کر کے حاصل کی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے عمرو چور گینگ کے تین کارندوں کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 11 ہزار روپے نقدی برآمد کر لی جو مبینہ طور پر چوری شدہ سامان فروخت کر کے حاصل کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔



